سجاول (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے راشن کی تقسیم میں من پسند افراد کی فہرستیں بنا کر انہیں راشن دینے کیخلاف ایک غریب شہری کی طرف سے 6 بچوں سمیت ڈپٹی کمشنر ہائوس کے آگے خود سوزی کی کوشش۔ آچار زنگیجو کو پولیس انتظامیہ کے افراد نے زبردستی منا کر ڈی سی ہائوس اندر لے گئے۔ سجاول شہر کے وارڈ نمبر پانچ کے رہائشی آچار زنگیجو نے راشن نہ ملنے پر اپنے 6 معصوم بچوں کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ہائوس کے سامنے پیٹرول کی بوتل لیکر خود سوزی کی کوشش کی اور احتجاج کرنے لگا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے باعث گھر میں فاقہ کشی ہے، بچے بھوک سے نڈھال ہیں، سرکاری راشن رات کے اندھیرے میں اپنے من پسند لوگوں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم میں غریبوں کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ بچوں کا حال دیکھا نہیں جاتا، آج مجبور ہوکر پیٹرول چھڑک کر خود کو بچوں سمیت جلانے آیا ہوں۔ بچوں سمیت خودسوزی کرنے کی اطلاع پر پولیس پہنچ گئی۔ پولیس آچار زنگیجو اور بچوں کو ڈپٹی کمشنر ہائوس کے اندر لے گئی۔