سجاول، نام نہاد جعلی پیر نے منشیات کے کاروبار کو عروج پر پہنچا دیا

872

سجاول (نمائندہ جسارت) نام نہاد جعلی پیر نے منشیات کے کاروبار کو عروج پر پہنچا رکھا ہے۔ پیر حبیب الرحمن نے جنہان کے منشیات فروشوں کے مددگار وڈیروں کے اشارے پر منشیات کے کاروبار کی انتہا کردی ہے۔ منشیات کی وجہ سے نئی نسل تباہی سے دوچار ہے۔ ان خیالات کا اظہار سجاول ٹنڈو محمد روڈ پر واقع گائوں جنہان سومرو کے سماجی ورکر محمود سومرو نے میڈیا کو تحریری طور پر شکایت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی پیر جو بظاہر بڑا بزرگ بنا ہوا ہے اور سادہ لوح مسلمانوں کو بے وقوف بناکر اپنی بزگی کا لوہا منواتا رہا ہے اصل میں وہ منشیات فروشوں کے گروہ کا سردار ہے مگر پولیس بھی اس کے کالے دھندے سے بے خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نے میرے حق اور سچ کو دبانے کے لیے میرے پیچھے غنڈے لگا دیے ہیں، میری جان کو اس کے کرایہ کے غنڈوں سے شدید خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا جرم منشیات فروشوں کیخلاف آواز اٹھانا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مذکورہ شخص کیخلاف کارروائی اور مجھے تحفظ فراہم کیا جائے۔