کوورنا وائرس سے نمٹنے کیلیے ہیلتھ ایمرجنسی ڈکلیئر کر دی‘ اسد قیصر

109

صوابی (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہیلتھ ایمرجنسی ڈکلیئرکردی گئی ہے‘ حکومت انتہائی ذمے داری کا مظاہرہ کر رہی ہے‘ تبلیغی جماعت کے ارکان ہمارے بھائی ہیں‘ تبلیغی جماعت کے ارکان جہاں کہیں بھی پھنسے ہوئے ہیں‘ ان شا اللہ ایک ہفتے کے اندر اندر اپنے گھروں کو پہنچ جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو اپنے حلقہ انتخاب میں احساس پروگرام کے تحت11ہزار مستحق افراد میں رقوم کی تقسیم کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے ہم وطنوں کی واپسی کے لییخصوصی پروازوں کا بندوبست کیا ہے‘ ہر قوم پر مشکلات آتی ہیں مگر ان کا مقابلہ حکمت اور حوصلہ سے کرنا ہوتا ہے‘ انشا اللہ یہ مشکل حالات بہت جلد ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوورنا وائر س سے نمٹنے کے لیے ہیلتھ ایمرجنسی ڈکلیئرکردی گئی ہے‘ ضلع صوابی میں مزید 110 ڈاکٹرز کے علاوہ نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف آیا ہے‘ ہیلتھ اسٹاف کو جس سامان کی ضرورت تھی وہ بھی مکمل طور پر پہنچادیا گیا ہے۔