عالمی وبا کے خاتمے پر بہت سی تبدیلیاں رونما ہوں گی،شاہ محمود قریشی

94

اسلام آباد(خبر ایجنسیا)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کا جب دنیا سے خاتمہ ہوگا تو بہت سی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔اسلام آباد میں ایک دفتر خارجہ کی ایپلی کیشن متعارف کرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس وبا کے پھیلاؤ کے دوران وزارت خارجہ کی براہ راست ایپلی کیشن تخلیقی سوچ کا نتیجہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایپلی کیشن دنیا بھر میں متعدد پاکستانی سفارتخانوں میں کام کرنے والوں کی کارکردگی کو جانچنے کے کام آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ پوری دنیا میں پاکستان کے سفیر پھیلے ہیں، ان تمام سے رابطہ ممکن نہیں تھا تاہم ٹیکنالوجی کے ذریعے ان سے رابطہ آسان ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ خارجی پالیسی کے اظہار کے ذرائع مختلف ہوگئے ہیں، پہلے دور میں ٹوئٹر نہیں ہوا کرتا تھا تاہم اب دور مختلف ہوگیا ہے اور اب تو ہمارے ملک کے وزیر اعظم بھی باقاعدگی سے ٹوئٹ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2014 تک ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت سے ناواقف تھا اور جب اس کی اہمیت کا اندازہ ہوا تو اس کے بارے میں جاننا شروع کیا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کورونا وائرس اپنے اثرات چھوڑ کر جائے گا اور اس کے اختتام پر بہت سی تبدیلیاں رونما ہوں گی جن میں سے میرے نظریے کے مطابق ڈیجٹلائزیشن کی رفتار تیز ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ دفتر خارجہ میں پیپر کا استعمال ختم کرنا اور اسے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب لے جانا ہے۔عالمی سطح پر سفری پابندیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 40 ہزار کے قریب بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کا دباؤ دفتر خارجہ پر پڑا تھا جس کے ردعمل میں ہم نے کرائسز مینیجمنٹ سینٹر قائم کیا جو 24 گھنٹے کام کرتا ہے اور معلومات دیتا بھی ہے اور لیتا بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب بھی کوئی آفت آتی ہے تو تخلیق کاری میں اضافہ ہوتا ہے اور اور وہ ہی تبدیلی کا ذریعہ بن جاتا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بہت سی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔