سکھر، بے روزگاری سے تنگ خودکشی کرنے والے شخص کو پولیس نے بچا لیا

118

سکھر (نمائندہ جسارت) لاک ڈائون کے باعث بے روزگاری سے تنگ آکر سکھر بیراج سے دریائے سندھ میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے والے شخص کو پولیس نے بچا لیا، مختارکار روہڑی کی جانب سے دو بیگ راشن اور دو ہزار روپے دے کر آئندہ بھی مدد کرنے کی یقین دہانی کروا کر گھر بھیج دیا۔ سکھر کے علاقے آرائیں روڈ کے رہائشی ارباب علی نے سکھر بیراج سے دریائے سندھ میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی تو ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے اسے بروقت پکڑ کر خودکشی کرنے سے بچالیا اور روہڑی تھانے پر لے کر آئے جہاں اس نے بتایا کہ جاری لاک ڈائون کے باعث گزشتہ ایک ماہ سے بے روزگار تھا، گھر میں بچوں کی بھوک برداشت نہ کرنے پر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ ایس ایچ او روہڑی تھانہ اللہ ودھایو پتافی نے مختارکار ریونیو کو واقعہ کی اطلاع دی، جس پر مختارکار روہڑی سید زاہد حسین شاہ نے ارباب علی کو دو بیگ راشن، دو ہزار روپے نقدی دیتے ہوئے ہدایت کی کہ خودکشی کرنا حرام ہے، آپ محنت کریں آئندہ خودکشی کی کوشش کھبی نہ کرنا یہ سخت گناہ ہے۔