ڈاکٹرز اور نرسوں کے لیے امدادی پیکجز کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا، بلاول زرداری

161

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ عالمی وبا کے دوران اگلے محاذوں پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کے لیے بڑے امدادی پیکجز کا اب تک اعلان نہ کیا گیا‘یومیہ اجرت پر انحصار کرنے والے لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے‘ ان کے لیے بھی امدادی پیکج کا اعلان نہیں ہوا ہے‘حکومت نے دیہاڑی دار طبقے اورگلگت بلتستان کو بھی نظر انداز کیا‘حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران تعمیراتی صنعت کے لیے بڑے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے‘ انسانی زندگی پر نفع کو ترجیح دی‘ وفاقی حکومت کی غلط ترجیحات کے نتائج کا پورا ملک سامنا کرسکتا ہے‘وفاق ڈولپمنٹ فنڈزکو شعبۂ صحت میں لگائے۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی سربراہی میں پی پی گلگت بلتستان کے رہنماؤں کا وڈیو لنک اجلاس ہوا۔ گلگت بلتستان کے رہنماؤں نے پارٹی سربراہ کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کو کوئی امدادی پیکج نہیں دیا گیا‘چینی حکومت نے گلگت بلتستان کو امداد پہنچادی‘ وفاقی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ چینی حکومت کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے گلگت بلتستان کو امداد دی تاہم وفاقی حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا‘ گلگت بلتستان کی حکومت ڈولپمنٹ کے فنڈز صحت کے شعبے میں لگائے‘ چیئرمین بلاول زرداری اس وقت ترقیاتی اسکیموں کی نہیں بلکہ زندگیاں بچانے کی ضرورت ہے‘ گلگت بلتستان کے طبی عملے کا حفاظتی کٹس کے بغیر کام کرنا وفاقی حکومت کی نااہلی ہے‘ وفاقی حکومت کو گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے شعبہ صحت میں تعاون کرنا ہوگا۔