لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی صدر شہباز شریف کو نیب کی جانب سے نوٹس جاری کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا عوام کی جان لے رہا ہے اور نیب نیازی گٹھ جوڑ سیاسی انتقام لے رہا ہے، ملک اور عوام کورونا سے جبکہ نیب و نیازی گٹھ جوڑ شہباز شریف سے لڑ رہا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ چوری عمران صاحب کی پکڑی گئی ہے اور نیب میں طلبی شہباز شریف کی ہو رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی سرٹیفائیڈ آٹا چینی گیس چوروں کیلیے نیب نیازی گٹھ جوڑ کی آنکھیں بند ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ کو 2 سال دن رات محنت کر کے بھی شہباز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن، کِک بیکس، کمیشن نہ ملی جب کچھ نہ مِلا تو نیب نیازی گٹھ جوڑ کو وراثتی جایداد یاد آگئی۔ شہباز شریف کو نیب میں بلانا عمران صاحب کی بوکھلاہٹ ظاہر کرتا ہے، اعلیٰ عدلیہ نے شہباز شریف کی ایمانداری پر مہر تصدیق ثبت کی لیکن نیازی گٹھ جوڑ کو پھر بھی شرم نہیں آئی، شہباز شریف کا جرم یہ ہے کہ وہ کورونا کے خلاف ڈاکٹرز اور طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم کر رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے الزام عاید کیا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے لیے جب ثبوت دینے کی باری آتی ہے تو وہ عدالتوں سے بھاگ جاتا ہے، سیاسی مخالفین اور میڈیا کو نیب نیازی گٹھ جوڑ جھوٹے الزامات پر گرفتار اور ناحق قید کرتا ہے۔