لاہور: سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہسود ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے،حکومت فوری طور پر سود کے خاتمہ کا اعلان کرے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مغربی ممالک نے سود میں علامتی کمی نہیں کی بلکہ سود زیروپرسنٹ پر لے آئے ہیں،ہماری حکومت صرف علامتی کمی کرکے مطمئن ہوگئی ہے یہ سراسر گھاٹے کا سودا ہے، پرائیویٹ اسکولزاور مدارس کے اساتذہ کی تنخواہیں حکومت کو دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اور مشیر وں کی فوج ٹوئٹر پر قابلیت کے گھوڑے دوڑارہی ہے،حکومت نے جو ایس او پیز تیار کیں خود ہی ان کی خلاف ورزی کررہی ہے،12ہزار روپے کے لیے خواتین کو گھر سے باہرنکالنا اور مجمع لگواناغربت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے،دیہاڑی داروں کا حکومت کے پاس کوئی ڈیٹا نہیں،ان کی مدد کیسے کی جائے گی۔
سینیٹر سراج الحق کامزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز ہمارے اصل ٹائیگرز ہیں جو کورونا کے خلاف لڑرہے ہیں،حکومت اداروں کو لڑانے کے بجائے ڈاکٹروں کو کٹس فراہم کرے،بار بار توجہ دلانے کے باوجود حکومت فری ٹیسٹوں کا انتظام نہیں کررہی جس کی وجہ سے ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد کا بھی کسی کو صحیح اندازہ نہیں۔