امریکا عالمی ادارہ صحت سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرے، شاہ محمود

127

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت 76 ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ ایک تاریخی اقدام ہے، ہماری درخواست پر 76 ممالک کو ریلیف ملے گا، وزیراعظم عمران خان نے پہلے ماحولیاتی تبدیلی، کرپشن اور اب قرضوں میں سہولت کے اقدام کو عالمی سطح پر کامیابی سے آگے بڑھایا، صدر ٹرمپ کو عالمی ادارہ صحت کی گرانٹ معطل کرنے کے فیصلہ پر نظرثانی کرنی چاہیے، سوشل میڈیا پر ہندوستان کا کردار انتہائی منفی ہے، کورنٹائین میں بھی مذہبی تفریق کر دی ہے، یہ بھارت کی ہندوتوا سوچ کی عکاسی ہے۔ جمعرات کو وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ 12 تاریخ کو وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری سے ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے قرضوں میں سہولت فراہم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی وباسے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی، برآمدات اور زرمبادلہ کی شرح کافی حد تک کم ہو رہی ہیں، ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں پر اس کے مضر اثرات بہت شدید ہیں۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے جمعرات کو وزارت خارجہ میں آئی ایم ایف کی پاکستان میں نمائندہ مس ٹریسا ڈبن ساشیز نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فریقین نے کووڈ 19 وبائی صورتحال اور اس وبا سے موثر انداز میں نبرد آزما ہونے کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنے محدود معاشی وسائل کے باوجود کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور منفی معاشی اثرات کے ازالے کے لیے موثر اقدامات کیے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے لیکن ترقی پذیر ممالک پر اس وبا کے منفی اثرات انتہائی شدید ہیں۔اسی صورت حال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے اس کٹھن گھڑی میں کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے ترقی پذیر ممالک کے واجب الادا قرضوں میں سہولت فراہم کرنے کی تجویز دی تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل کو اس وبا کو روکنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے استعمال میں لا سکیں۔