لاہور(نمائندہ جسارت+اے پی پی)نیب نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں محمد شہباز شریف کو(آج)جمعہ کو نیب آفس طلب کرلیا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ شہباز شریف کو بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ اپنے ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کی تفصیلات اور ان کو وراثت میں ملنے والےاثاثوں کی تفصیلات ، مقامی بینک سے لیے گئے قرض کی تفصیلات سمیت نیب کو طلب وہ تمام معلومات جن کے بارے میں نیب نے انہیں سوال نامہ دے رکھا ہے کی ریکارڈ کے ساتھ مکمل تفصیلات کے ساتھ پیش ہوں۔علاوہ ازیں لاہور کی احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی ریفرنس میں (ن)لیگ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی حافظ میاں نعمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ 22 اپریل تک کے لیے محفوظ کرلیا۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے کیس کی سماعت کی۔حافظ میاںنعمان نے اپنے خلاف ریفرنس سے بریت کے لیے عدالت سے رجوع کیا ۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل پارکنگ کمپنی کے اعزازی سربراہ تھے اور ان کا عملی کوئی کردار نہیں تھا، اس لیے انہیں بری کیا جائے۔ احتساب عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت کے روبرو نیب نے بریت کی درخواست کی مخالفت کی ۔نیب کے وکیل حافظ وراث علی جنجوعہ نے نشاندہی کی کہ لاہور پارکنگ کمپنی میں غیرقانونی طور پر ٹھیکے دیے گئے اور اس طرح قومی خزانے کو کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔