لاک ڈائون کے دوران جو کانیں کھلی ہوں فوری بند کرائی جائیں،ڈی سی سانگھڑ

94

ٹنڈوآدم ( نمائندہ جسارت ) ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے بتایا ہے کہ ضلع بھر میں 80 تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کے کورونا ٹیسٹ میں سے 11 کے نتائج مثبت آئے ہیں اس لیے لاک ڈاؤن کو مزید سخت بنایا جائے گاجبکہ جو دکاندار لاک ڈاؤن کی ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے ان کی دکانیں بھی بند کرائی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ٹنڈوآدم میں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز جتوئی کے آفس میں لاک ڈاؤن کی صورت حال کے متعلق ایک اجلاس کے صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی سانگھڑ ذیشان صدیقی، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز جتوئی ،ڈی ایس پی ٹنڈوآدم ممتازبگٹی، ایس ایچ او ٹنڈوآدم محمد اسلم بلو ، رینجرز اور انجمن تاجران، سندھ اسمال انڈسٹری ٹنڈوآدم ، پاور لومز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے کہا کہ تبلیغیوں کے نتائج مثبت آنے کے بعد ضلع بھر کی صورتحال انتہائی خطرناک بن چکی ہے، اس لیے 30 اپریل تک لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹنڈوآدم کے شہریوں کو بڑی ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا وہ بلاوجہ گھروں نہ نکلیں اپنے آپ کو گھروں تک محدود کرلیں یہ سب کیلیے بہتر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز جتوئی کی لاک ڈاؤن کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کھلی ہوئی دکانوں پر صرف 2 افراد کام کر سکتے ہیں جبکہ ان کو ماسک، گلوز،اور ٹوپی استعمال کرنا ہوگی اور سینیٹائرز کا بھی استعمال کیا جائے گا، اور دکانوں کے آگے سے دائرے بنائے جائیں گے تاکہ سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تاجو برادری اس سنگین صورتحال کے پیش نظر تعاون کرے تاکہ کورونا وائرس سے سماج کو محفوظ بنایا جائے۔ اس موقع پر ایس ایس پی ذیشان صدیقی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے متعلق عام لوگوں میں الجھن ہے مگر یہ واضح کیا جا رہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں کسی قسم کی رعایت نہیں اور و ہی رہے گا جو پہلے سے ہی تھا جس پر ہر صورت میں عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انجمن تاجران کے حبیب خان ، عبدالقدیر مغل، اسمال انڈسٹری کے حاجی شرف الدین انصاری ، سماجی ورکرز مرزا اشفاق بیگ اور عمران غوری نے لاک ڈاؤن سمیت دیگر معاملات میں تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ انجمن تاجران کی جانب سے تمام دکانداروں کے پہلے ہی سے سماجی فاصلے پر عملدرآمد کی ہدایات دی گئے تھی۔