سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی شہر میں سیوریج نالے کی تعمیر شہریوں کے لیے عذاب بن گئی، تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل اور سست روی کا شکار ہونے کی شکایت، سٹرک کے بیچ میں کھدائی کرکے آنے جانے والے راستے کو بند کرنے کے سبب شہریوں کو آمدو رفت میں سخت پریشانی کا سامنا ہے، نالے کا تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کا مطالبہ۔ روہڑی شہر کے لالا شہزادہ چوک سے مسان روڈ کسٹم ناکہ تک شہر بھر کے سیوریج پانی کی نکاسی کے لیے تعمیر ہونے والے نالے کے تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل استعمال اور سست روی سے کام چلنے پر روہڑی کی سیاسی، سماجی، تجارتی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہڑی شہر میں داخل ہونے کے لیے استعمال ہونے والے اہم راستے کی سڑک کو کھدائی کرکے بند کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے دیہات سے شہر آنے والوں اور علاقہ مکینوں کو آمدو رفت میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹھیکیدار ایک حصے کا تعمیراتی کام مکمل کرنے کے بجائے سڑک کے درمیان کھدائی کرتا چلا جارہا ہے جو کسی بھی حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ گزشتہ روز بھی نالے میں گائے گر کر زخمی ہوچکی ہے جبکہ کھدائی کرکے مسان روڈ کو کھنڈر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل استعمال کیا جارہا ہے، کوئی پلاننگ نظر نہیں آرہی ہے، پہلے ہی پانی کی نکاسی کے لیے تعمیر ہونے والے نالوں کی غلط پلاننگ کے باعث حکومت کے لاکھوں روپے ضائع ہوچکے ہیں۔