اسلام آباد (آن لائن )پیپلزپارٹی کے رہنما و چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے بِل گیٹس کو خط لکھا ہے جس میں بِل گیٹس سے جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ پر کورونا وائرس پر تحقیقاتی کمیشن بنانے پر زور دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے،کوویڈ۔19 کی تحقیقات سے حیاتیاتی ہتھیار و دہشت گردی کے متعلق خدشات کا خاتمہ ہو جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر رحمان ملک نے فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ بل گیٹس اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے کورونا وائرس پر تحقیقاتی کمیشن بنوا ئیں ، کمیشن معلوم کرے کہ کورونا وائرس قدرتی ہے یا بطور حیاتیاتی ہتھیار تیار کیا گیا ہے۔بل گیٹس نے 2015ء سے کئی مواقع پر موجودہ کورونا وائرس کی پیشگوئیاں کی تھیں اور بارہا حیاتیاتی دہشت گردی کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ بِل گیٹس نے کہا تھا کہ حیاتیاتی دہشت گردی سے 6ماہ کے اندر لاکھوں لوگ ہلاک ہوسکتے ہیں۔ آنے والے وقت میں کروڑ سے زیادہ افراد کی ہلاکت جنگ کے بجائے وائرس سے ہوگی۔ رحمان ملک نے کہا کہ دہشت گرد گروہ یا کوئی ریاست جینیٹک انجینئرنگ کے ذریعے وائرسوں کو بطور دہشت گردی ہتھیار استعمال کرسکتے ہیں۔ کورونا وائرس کوویڈ۔19 کے متعلق قیاس آرائیاں ، متنازع نظریات جنم لے چکے ہیں،دنیا بھر میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے کہ کورونا وائرس کہیں بطور دہشت گردی ہتھیار تیار تو نہیں کیا گیا ہے۔ فیصل کریم کنڈی کا کہناتھاکہ ہم نہیں چاہتے کہ اس مشکل وقت میں ہم ایکدوسرے پر الزام تراشی کرتے رہے۔ افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونیوالوں کے ٹیسٹ ہوں۔ اگلے چند دنوں میں سینیٹر رحمان ملک کی کورونا پر کتاب ا رہی ہے ۔