دنیا بھر میں تباہی کے مناظر اور دل دہلادینے والی وبا کورونا وائرس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 20 لاکھ 84 ہزار سے افراد متاثر ہیں ۔
کورونا وائرس نے عالمی سپر پاور امریکا کو گھٹنے کے بل لا کھڑا کیا ہے ،امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 2 ہزار 482 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 28 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، امریکہ میں کورونا کے 6 لاکھ 40 ہزار سے زائد مریض ہیں۔
امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس سے 2 لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 11 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔
اسپین میں کورونا کے باعث مزید 453 افراد ہلاک ہوئے ، مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے اور 1 لاکھ 77 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔
اٹلی میں کورونا مزید 538جانیں نگل گیا اور ساڑھے 21 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں، فرانس میں ایک ہی دن میں 1 ہزار 400 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ مجموعی تعداد 17 ہزار سے زائد ہے۔
جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے سبب 97 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں، جبکہ برطانیہ میں کورونا سے مزید 761 افراد چل بسے اور اموات کی تعداد 13 ہزار کے قریب ہو گئی ہے۔برطانیہ میں 1 لاکھ کے قریب کیسز ہیں۔
بیلجیم میں 4 ہزار 400 افراد ، نیدرلینڈز میں 3 ہزار 1 سو سے زائد افراد کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہوچکے ہیں۔