چھوٹے تاجر کو ریلیف پیکیج میں نظر انداز کیا گیا، رانا ثناء اللہ

139

اسلام آباد ( آن لائن )مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چھوٹے تاجر کو پائوں پر کھڑا رکھنا ریاست کی ذمے داری ہے۔ چھوٹے تاجر کو وزیرِ اعظم عمران خان کے ریلیف پیکیج میں نظر انداز کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھوٹا تاجر سفید پوش ہے اور حکومت کی امداد کا حقیقی حق دار بھی ہے۔ دنیا بھر میں چھوٹے تاجر کی معاشی بقا کے لیے خصوصی بیل آ ئو ٹ پیکیج دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار کی طرح چھوٹا تاجر بھی لاک ڈائون سے شدید متاثر ہے، وفاق کے ریلیف پیکیج میں ایس ایم ای سیکٹر کیلیے 100 ارب روپے رکھے گئے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ان 100 ارب روپے کی تقسیم کی حکمتِ عملی بنائے، تقسیم پر عمل درآمد نہیں ہوتا تو اس پیکیج کا عملاً تاجروں کو کوئی فائدہ نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلیف پیکیج میں مختص 100 ارب روپے این ایف سی فارمولے کے تحت صوبوں کو دے دیے جائیں۔ صوبے دستیاب رقم سے چھوٹے تاجروں کی مالی امداد اور بلاسود قرضے کی اسکیم جاری کریں۔