نواب شاہ( بیورورپورٹ)منوا آباد میں لاک ڈائون کے دوران نماز ادا کرنے پر پولیس مسجد میں گھس گئی ۔نمازیوں پر تشدد۔عوام کا پولیس پر پتھرائو۔ہوائی فائرنگ، شیلنگ۔متعدد نمازیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ایس ایس پی کا نوٹس ۔پولیس اہلکار معطل۔ تفصیلات کے مطابق منوا آباد میں مدینہ مسجد میںنماز عصر باجماعت ادا کرنے پر ائر پورٹ پولیس مسجد میں گھس گئی اور دوران جماعت نمازیوں پر لاٹھیاں برسا دیں جس سے کئی نمازی زخمی ہوگئے اور متعدد نمازیوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ پولیس کے جوتے سمیت مسجد میں گھسنے پر نمازیوں اور اہل محلہ میں شدید اشتعال پھیل گیا اور پولیس کے خلاف سخت نعرے بازی اور پتھرائو شروع ہوگیا جس پر پولیس نے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی جس سے علاقہ میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا ۔واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پایا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر طارق علی سولنگی اور ڈی ایس پی مبین پڑھیار نے اہل محلہ سے بات چیت کے لیے کمیٹی تشکیل دی جس کے بعد پولیس نفری اور اہل علاقہ منتشر ہوگئے۔ اس موقع پر اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ائرپورٹ پولیس کی عوام کے ساتھ زیادتیاں عروج پر ہیں، آئے روز شہریوں کو بلاجواز حراست میں لیا جاتا ہے اور آج بھی پولیس اہلکارجوتے سمیت مسجد میںگھس گئے اور دوران جماعت نمازیوں پر بہمیانہ تشدد شروع کردیا جس پر عوام میں غصہ کی لہر دوڑ گئی۔دوسری جانب ایس ایس پی تنویر تونیونے نمازیوں پر تشدد کاسخت نوٹس لیتے ہوئے ائروپورٹ تھانے کے دونوں پولیس اہلکار اصضر زرداری اور عنایت زرداری کو معطل کردیا ۔ایس ایس پی تنویر تونیو کا کہنا تھا کہ واقعہ قابل افسوس ہے، امن وامان کے لیے شہریوں کا تعاون ضروری ہے۔انکوئری کمیٹی تشکیل دے دیہے جو واقعہ کا تعین کرے گی کل اپنی ٹیم کے ساتھ مسجد کا دورہ کروں گا اور مسجد کمیٹی کے ساتھ چائے پیوں گا تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان خوشگوار تعلقات پروان چڑھے۔