پشاور ہائیکورٹ کو ورکرز ویلفیئر بورڈ کی درخواست پر سماعت سے روک دیا گیا

114

اسلام آباد(آن لائن)عدالت عظمیٰ نے پشاور ہائیکورٹ کو ورکرز ویلفیئر بورڈ کی درخواست پر سماعت سے روکتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت اپیلوں پر فیصلہ آنے تک ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔ معاملے کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت عظمیٰ نے رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کو بھی نوٹس جاری کیا تھاتا ہم وہ پیش نہیں ہو ئے ،رجسٹرار ہائیکورٹ نے غیر تسلی بخش جواب جمع کرایا،ہم اس جواب سے مطمئن نہیں،ہمارے سامنے جب ہائیکورٹ سے متعلق ایسے دلائل پیش کیے جائیں تو انکا جائزہ لینا ضروری ہے۔ورکرز ویلفیئر بورڈ کے وکیل نے کہا کہ ہائیکورٹ عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کو نظر انداز کر رہی ہے،عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کو نظر انداز کرنا کوئی اچھا عمل نہیں،ہم کوئی آبزرویشن دینا نہیں چاہتے۔اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ ہائیکورٹ کے فیصلوں کیخلاف عدالت عظمیٰ میں اپیلیں زیر سماعت ہیں ۔ عدالت عظمیٰ نے اس موقع پر معاملے سے متعلق تمام اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ ہائیکورٹ، عدالت عظمیٰ کے وضع کردہ اصولوں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرنے کی پابند ہے، بظاہر لگتا ہے پشاور ہائیکورٹ کے ایک بینچ نے عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کو نظر انداز کیا ہے۔ بعد ازاں معاملے کو سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ہے۔