لیاقت بلوچ کی شاہد خاقان سے ملاقات ، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

136

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی وقومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ،ملکی حالات،اقتصادی بحران،حکومتی نااہلی اور ناکامیوں اور اپوزیشن جماعتوں کے کردار پر تبادلہ خیال ہوا۔ لیاقت بلوچ نے جہلم میں سابق رکن قومی اسمبلی راجا محمد افضل خان اور مری گھوڑا گلی میں سابق صوبائی وزیر راجا اشفاق سرور
کے انتقال پر بھی تعزیت کی ۔لیاقت بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے اپنی سیاسی کامیابیوں کو ناکامیوں اور مایوسیوں میں بدل دیا ۔چینی آٹا بحران کے براہ راست ذمے دار عمران خان ہیں۔فرانزک تحقیقات عمران خان اور عثمان بزدار کو تحفظ دینے کا حربہ ہے۔ پاکستان اس وقت بدترین سیاسی،اقتصادی اور سماجی بحران کا شکار ہے پاکستان کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں اقتصادی بحران کے لیے کورونا کی وبا خوفناک دھچکا ہے،پارلیمنٹ،سیاست اور حکومت کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے حکومت اور فوج ان بحرانوں سے تنہا نبردآزما نہیں ہو سکتی پوری قوم کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ملک کے نازک ترین حالات کے تناظر میں 2018ء کے دھاندلی زدہ انتخابات کو برداشت کیا۔ کشمیر،افغانستان،اقتصادی بحران اور کورونا وبا کے مقابلے میں عمران خان سرکار کی طرف غیر مشروط بنیاد پر قومی متحدہ حکمت عملی کے لیے دست تعاون بڑھایا لیکن اپوزیشن سے تعاون کرنا تو دور کی بات، خود حکومتی اتحاد کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے، اس وقت پوری قوم کی ترجیح کورونا وبا کا مقابلہ اور نجات ہے لیکن یہ نوشتہ دیوار ہے کہ حکومتی نااہلیوں ،ناکامیوں کی وجہ سے بااختیار بلدیاتی نظام اور قبل ازوقت انتخابات کے لیے حتمی رائونڈلگے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ چینی آٹا بحران کے براہ راست ذمے دار عمران خان ہیں، عثمان بزدار کی کیا مجال کہ از خود اتنی بڑی سبسڈی کا فیصلہ کر سکیں ۔فرانزک تحقیقات عمران خان اور عثمان بزدار کو تحفظ دینے کا حربہ ہے ، آٹا چینی بحران ،عوام دشمنی تھا،اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔