چیف جسٹس کے ریمارکس حکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے،کاشف شیخ

109

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی دعوئوں کے برعکس چیف جسٹس کے ریمارکس گڈگورننس کے دعویدارحکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے۔لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ ،اے جی سندھ اوروزرا کے متضاد دعوے عجب کرپشن کی غضب کہانی کے مترادف
ہے۔حکومت وبائی مرض سے بچنے کے لیے لاک ڈائون سمیت دیگراقدامات ضرور کرے مگر دیہاڑی دار محنت کش اورسفید پوش افراد تک امداد پہنچانے کو یقینی بنانے کے کرپشن فری اقدامات کرے۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے ۔مگر کورونا سے زیادہ کرپشن وائرس سے نجات کی ضرورت ہے۔آٹا چینی بجلی اسکینڈل کے بعد ناجائزمنافع خوری،حفاظتی ماسک سے لے کر2ہزارکے راشن میں بھی بے شرم بیوروکریسی کی کرپشن اللہ کے غضب کو مزیددعوت دینے کے مترادف ہے۔اسپتالوں میں وینٹی لیٹر زسمیت ڈاکٹروں کے پاس حفاظتی سامان نہیں ہے۔کورونا سے بچا ئوکے اقدامات کے بجائے نہ صرف صوبائی اوروفاقی حکومتیں ایک پیج پرنظر نہیں آتی بلکہ وزرا ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی میں مصروف عمل ہیں جس سے ان کی غیرسنجیدگی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔