مردان گورائیہ پرقاتلانہ حملہ امن کے دعووں کی نفی ہے، نصراللہ عزیز

108

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت اتحاد العلما سندھ کے قائم مقام صدر حافظ نصراللہ عزیز نے ہیومین رائٹس یوتھ آرگنائزیشن علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان سندھ کے سیکرٹری اطلاعات احمد مردان گورائیہ پر خیرپور میں نامعلوم افراد کی جانب سے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پولیس کی مجرمانہ غفلت اور سندھ حکومت کے امن امان کے دعووں کی نفی قرار دیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ احمد مردان گورائیہ ایک نفیس اور امن پسند شخصیت ہیں جن کی کسی سے دشمنی نہیں ہے ،دن دہاڑے مسلح ملزمان کی جانب سے ان پر قاتلانہ حملہ اور شدید زخمی کرنے کا واقعہ سندھ پولیس اور حکومت کیلیے کھلا چیلنج ہے کہ وہ خیرپور ضلع سمیت سندھ بھر میں مسلح غنڈوں اور رہزنوں کو لگام دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ اتحاد العلما سندھ کے رہنما نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ یوتھ آرگنائزیشن ،علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان سندھ کے سیکرٹری اطلاعات احمد مردان گورائیہ پر حملہ کرنے والے مسلح ملزمان کو گرفتار، دہشتگردی کا مقدمہ درج اور قانون کے کٹہرے میں لاکر عبرت ناک سزا دی جائے، احمد مردان گورائیہ سمیت ان کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ،بصورت دیگر اتحاد العلما سندھ کے پلیٹ فارم سے ملوث ملزمان اور سندھ پولیس کیخلاف سخت احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔