کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے اپنے ویڈ یو پیغام میں کہا ہے کہ آج سندھ میں 66 نئےکورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 4 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے، کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 35 ہوگئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے ویڈ یو پیغام میں کہا کہ افسوس کی بات ہے کورونا سے ہلاک افراد کی شرح 2.3 ہوگئی ہے، بزرگ حضرات جو وائرس کا شکار ہوئے ہیں ان کے اموات کی شرح زیادہ ہے، ہم نے موبائل ٹیم کے ذریعہ کچی آبادیوں میں 1700 ٹیسٹ کئے ہیں، ان نئے ٹیسٹ کا رزلٹ کل تک آ جائے گا۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ اس وقت 671 مریض گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں جبکہ 58 مریض آئیسولیشن مراکز و اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، آج کورونا وائرس سے مزید 8 افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکھر میں جہاں 280 زائرین کے کیسز آئے تھے،جن میں سے 6 افراد قرنطینہ سیٹر میں ہیں جبکہ باقی اپنے گھر جاچکے ہیں باقی بھی جلد ہی اپنے گھروں کو چلے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کراچی کے متاثرہ علاقے سیل کرنے کے حوالے سے کہا کہ ہم نے ان کو سیل کیا ہے جہاں کورونا وائرس کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، ان علاقوں میں ٹیسٹ کرنے کی تعداد بڑھا رہے ہیں جبکہ ہمارے تبلیغی جماعت کے بھائی جو مثبت آئے تھے ان کا علاج جاری ہے۔
جو آئیسولیشن میں ہیں ان کا جلد ٹیسٹ کیا جائے گا، لاک ڈاؤن کا فیصلہ وفاقی حکومت کا ہے ہم عمل درآمد کریں گے ۔
مراد علی نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جو بھی ایس او پی بنائے اس پر عمل کیا جائے،میری خاص درخواست ہے کہ اپنے بزرگوں کو کسی صورت باہر نہیں نکالیں، جب آپ گھر واپس جائیں تو اپنے بزرگوں سے دور رہیں،آپ اپنا خیال رکھیں، اس ملک کو اپ کی ضرورت ہے۔