لاڑکانہ ،لاک ڈائون میں مزید سختی کرنے کے احکامات جاری

172

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) سندھ کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی 22 ویں روز لاک ڈائون رہا جس کے باعث شہر کے اہم، چھوٹے اور بڑے کاروباری مراکز مکمل طور بند رہے جبکہ پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرتے ہوئے شہر کی اہم قومی شاہرائوں اور روڈوں پر بڑی تعداد میں اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا جن کی جانب سے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے شہریوں کو روک کر گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی جبکہ ایس ایس پی مسعود احمد بنگش نے شہر کے پاکستانی چوک، بندر روڈ، اسٹیشن روڈ اور رائل روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کرکے لاک ڈائون کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیوٹیوں پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کو سخت ہدایات بھی جاری کیں۔دوسری جانب آٹو گیراج دکانوں کے محنت کشوں اور قنبر کے رہائشی محنت کش عارف علی گوپانگ نے راشن اور مالی مدد کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ و دیگر سے اپیل کی کہ راشن فراہم کرکے مالی مدد کی جائے۔