سانگھڑ (وقائع نگار خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن سانگھڑ کی جانب سے امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ رفیق منصوری اور الخدمت فاؤنڈیشن سانگھڑ کے صدر رشید احمد راجپوت کی سربراہی میں ایک وفد نے ایم ایس سول اسپتال سانگھڑ ڈاکٹر شگفتہ عابد ، ایمرجنسی ڈاکٹر شفقت الٰہی ، ڈاکٹر ممتاز علی عمرانی سے ملاقات کی اور سول اسپتال سانگھڑ کے ڈاکٹروں کیلیے حفاظتی کٹس ، وہیل چیئر اور ماسکس ان کے حوالے کیے گئے ۔اسی طرح اسپتال میں داخل مریضوں اوران کے تیمارداروںاور ڈاکٹرز پیرا میڈیکل اسٹاف میں بسکٹ تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر الخدمت ضلع سانگھڑ کے جنرل سیکرٹری راجا راشد اصغر منصوری ،محمد ابراہیم لغاری،اسلامی جمعیت طلبہ سانگھڑ کے ناظم زید بن فہیم ، عنصر محمود گجر ، سمیع اللہ راجپوت اور امان اللہ راجپوت بھی موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم ایس سول اسپتال سانگھڑ ڈاکٹر شگفتہ محمود نے الخدمت فاوْنڈیشن سانگھڑ کے ذمے داران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں ڈاکٹرز کے لیے حفاظتی کٹس ، ماکس، وہیل چیئر اور مریضوں کے لیے بسکٹ فراہم کیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الخدمت فاوْنڈیشن سانگھڑ کے صدر رشید احمد راجپوت نے کہا کہ الخدمت فاوْنڈیشن مہیا وسائل کے مطابق سول اسپتال پر ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس سمیت ضروری اشیا فراہم کررہی ہے ، درحقیقت یہ کام حکومت کے کرنے کے ہیں اور الخدمت نے اپنے تمام وسائل حکومت کے سپرد کیے ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ ساتھ ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے فرنٹ لائن پر جنگ کرنے والے ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس اور ماسک فراہم کیے جائیں تاکہ وہ بلا خوف و خطر مریضوں کا علاج کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اعلانات سے کام نہیں چلے گا اس کے لیے عملی کام کرنا بہت ضروری ہے ابھی تک لوگ حکومتی راشن کے منتظر ہیں۔