سکھر (نمائندہ جسارت) الخدمت و جماعت اسلامی کے رضاکاروں کی جانب سے دسویں روز بھی مساجد و دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں جراثیم کش اسپرے کا عمل جاری رہا۔ ٹکر محلہ سکھر اور یونین کونسل 23 کی پندرہ سے زائد مساجد میں کورونا سے بچاؤ کے لیے جراثیم کش دوا کا اسپرے کیا گیا۔ یونین کونسل 23 کی مساجد میں گول مسجد، اخوت اسلام مسجد، مدینہ مسجد، اے ڈی مسجد، بہار شریعت مسجد اور ٹکر محلے کی مساجد میں نوری مسجد، چاند مسجد، حسن مسجد، معصوم شاہ مینارہ مسجد، حیات مسجد، میرانی مسجد، محمدی مسجد، عثمان مسجد، قاسم مسجد، میونسپل کارپوریشن مسجد میں بھی اسپرے کیا گیا۔ علاوہ ازیںالخدمت رضاکاروں کی جانب سے گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر عیسائی برادری کی عبادت گاہوں میں بھی اسپرے کیا گیا۔ اس موقع پر پادری وارث ایمانویل نے سرپرست الخدمت زبیر حفیظ شیخ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں پاکستان کی سوسائٹی کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی کا خوبصورت پیغام ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ نے عیسائی برادری کے لیے ایسٹر کے موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی۔