ٹرین سروس 24 اپریل تک معطل رہے گی، شیخ رشید

264

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلو ے شیخ رشید احمد نے کورونا وائرس کے عدم پھیلائو اور عوام الناس کے تحفظ کے لیے ٹرین آپریشن معطلی میں 24 اپریل رات 12بجے تک توسیع کر دی ہے‘ کورونا وائرس کی صورتحال اور وزیراعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد ٹرین آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ پیر کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان ریلوے نے 14اپریل رات 12بجے سے ٹرین آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے ٹرین آپریشن معطلی 24اپریل رات 12تک بڑھا دی گئی ہے‘ صرف مال
گاڑیاں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی ‘اس کے بعد بھی مقررہ تاریخ سے قبل صورتحال کے جائزہ اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد ٹرین آپریشن کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے قرنطینہ اسپتال تفتان بھجوانے کی پیشکش کی ہے اور اس علاوہ بھی جہاں کورونا وائرس کا پھیلائو بڑھے گا یہ ٹرین وہاں بھجوائی جائے گی۔