سکھر (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں سکھر قرنطینہ کا نیا ریکارڈ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ کے مطابق قرنطینہ میں آنے والے 90 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے، قرنطینہ سینٹر میں مزید 18 کورونا پازیٹو مریضوں کے دوبارہ ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، تمام 18 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں، قرنطینہ سے مزید 18 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر گھروں کو روانہ کیا جائے گا۔ تفتان بارڈر سے قرنطینہ سینٹر سکھر میں مجموعی طور پر 1050 سے زائد مسافر لائے گئے تھے، قرنطینہ سینٹر میں 274 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، کورونا نیگیٹو کے حامل چھے دیگر افراد کو 14 روزہ قرنطینہ مکمل کرنے پر آج روانہ کیا جائے گا۔ قرنطینہ میں آنیوالے افراد میں جن کا ٹیسٹ منفی آیا وہ بھی قرنطینہ مکمل کرکے روانہ ہوئے ہیں۔ قرنطینہ میں اب پہلے آنے والے صرف 15 مریض رہ گئے۔ صوبائی وزیر اویس قادر شاہ کا کہنا ہے اللہ کے کرم سے سکھر قرنطینہ میں سب سے زیادہ مریض صحت یاب ہوئے ہیں، کورونا وائرس کے خوف کے دنوں میں یہ سب سے حوصلہ افزا ہے۔