کوئٹہ (نمائندہ جسارت) ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے 13 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا ، ورثا نے ایئر پورٹ روڈ پر احتجاج کیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ نجی اسپتال میں پیش آیا جہاں 13 سالہ بچے کو آپریشن کے لیے لایا گیا، آپریشن 8 گھنوں تک جاری رہا اس دوران بچے کی موت واقع ہوگئی ورثا نے میت کے ہمراہ ایئر پورٹ روڈ بلاک کرتے ہوئے احتجاج کیا اور اسپتال انتظامیہ کیخلاف نعرے لگائے۔ ورثا نے الزام عائد کیا کہ آپریشن کے دوران بچے کو انستیزیا زیادہ دیا گیا، دماغ پر اثر کی وجہ سے بچہ موت کے منہ میں چلا گیا۔ ورثا نے ڈاکٹر سلطان اور ڈاکٹر عید محمد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پولیس کی یقین دہانی پر ورثا نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔