لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کے بعد احساس کفالت پروگرام کے تحت لاڑکانہ میں مستحق خواتین میں امدادی رقوم تقسیم کرنے کے متعلق قائم سینٹرز میں تیسرے روز بھی خواتین کا رش رہا، جہاں سیکڑوں خواتین کی جانب سے امدادی رقوم وصول کی گئی تاہم اکثر سینٹرز پر سہولیات کے فقدان کے باعث آنے والے خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے احساس پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم کرنے کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ایس پی ہیڈکوار لاڑکانہ، اے ایس پی حیدری، اے ایس پی یو ٹی اور تمام ڈی ایس پیز سے تفصیلات معلوم کرکے ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ پولیس کی جانب سے امدادی رقوم کی تقسیم کے دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، حکومتی ہدایات کے مطابق سماجی فاصلہ لازمی کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ امدادی رقوم والے سینٹرز سمیت پورے ضلع میں حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں تاکہ تمام مستحق افراد امدادی رقوم کی وصولی کے بعد اپنے گھروں پر باحفاظت پہنچ سکیں۔ ایس ایس پی نے تمام پولیس افسران وجوانان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امداد لینے والے افراد حالات کے مارے ہوئے ہیں، ان سے سختی کے بجائے پیار و محبت سے پیش آنے کو یقینی بنایا جائے۔