بلاول بتائیں سندھ حکومت کا ترجمان کون ہے؟حلیم عادل شیخ

206

کراچی( اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی مرکزی نائب صدر سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی پر اپنے جاری کردہ وڈیو بیان میں کہا ہے کہ بلاول زرداری عوام کو کلیئر کریں کہ سندھ حکومت کا ترجمان کون ہے؟، گزشتہ روزسے ایک ڈراما چلایا گیا، کوئی کہہ رہا تھا متاثرہ یوسیز بند ہورہی ہیں، کوئی کہہ رہا تھا بند نہیں ہورہی ہیں ،عوام میں افرا تفر ی جیسا اچانک ماحول پیدا کیا گیا، عوام کو کوئی قبل از وقت کی آگاہی نہیں دی گئی، پھر کسی اور وزیر نے کہا کہ کراچی کی یوسیز بند نہیں ہورہی ہیں، کرفیو نہیں ہوگا۔ جن کراچی کی یونین کونسل کو بند کرنے کا ذکر کیا گیا تھا ،ان حلقوں میں ہماری اکثریت ہے، عوام تنگ ہوچکے۔ سندھ حکومت کی نااہلی ہے کہ بغیر کسی حکمت عملی کے احکامات جاری کرا ئے جاتے ہیں۔ پہلے لاک ڈاؤن کی وجہ سے عوام بیزار ہوچکے ہیں، متعدد مقدمات و گرفتاریاں ہوچکی ہیں۔ ایسی صورتحال میں پولیس اور رینجرز کو عوام کے سامنے کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔پولیس اور رینجرز کا کوئی قصور نہیں ہے جن کو ڈائریکشن مثبت انداز میں نہیں دی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی ترجمانی پر پیپلزپارٹی کے رہنما لڑ رہے ہوتے ہیں عوام کو معلوم ہی نہیں سندھ حکومت کا ترجمان کون ہے۔ بلاول زرداری عوام کو کلیئر کریں کہ سندھ حکومت کا ترجمان کون ہے؟آپس میں ترجمان لڑنے کے بجائے عوام کی خدمت کریں۔ وزیر اعلیٰ نے جو میڈل لینے تھے لے لیے ،برائے مہربانی اب جلدبازی سے کام نہ لیں۔ تمام تر فیصلے عوام کے مفادات میں لیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ احساس پروگرام وفاق کا ہے، آپکی بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن فرزانہ راجا تھیں جن پر 56 ارب کی کرپشن کا کیس ہے جو ابھی تک چل رہا ہے۔بی آئی ایس پی میں 8 لاکھ صاحب حیثیت افراد کو آپ نے شامل کیا تھا جسے وفاق نے نکالا۔ احساس پروگرام سے بڑا پروگرام پاکستان کی تاریخ میں نہیں آیا جس میں بنا کسی تفریق کے غریبوں کی مدد کی جارہی ہو۔ پیپلزپارٹی والے احساس پروگرام میں سیاست نہ کریں، یہ غریبوں کی مدد کے لیے وفاق کا پروگرام ہے۔ اپنے فوٹو بنا کر عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے لیکن عوام گمراہ ہونے والے نہیں ہیں۔