کراچی میں مختلف اسپتالوں کے کئی ڈاکٹرز اور عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق

865

کراچی میں کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 25 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع مطابق کراچی کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ڈاکٹرز سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف کے 20 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

متاثرہ افراد میں قومی ادارہ برائے صحت اطفال کے دو ڈاکٹر اور دو پیرا میڈیکل اسٹاف کے ممبران، سول اسپتال کے چار ملازم بشمول ڈاکٹر، عباسی شہید کے دو ڈاکٹرز اور لیاقت نیشنل اسپتال کے شعبہ ریڈیولوجی کے ایک ڈاکٹر شامل ہیں۔

ان کے علاوہ شہید بینظیر ٹراما سینٹر کے ڈاکٹر اور عملے سمیت 13 افراد جب کہ ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں ڈاکٹر سمیت 8 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت ذرائع کاکہنا ہے کہ وائرس میں مبتلا ہونے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

ادھر آغا خان اسپتال نے کورونا کی اسکرینگ اور ٹیسٹ کرنے سے معذرت کرلی ہے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق پرمزید مریض لینے سے انکار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملتان کے نشتر اسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت 18 افراد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ اب تک ملک میں کئی ڈاکٹرز کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ گلگت بلتستان اور کراچی میں ڈاکٹر کورونا سے شہید بھی ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر اور طبی عملہ اس وقت کورونا کے خلاف جنگ میں صف اول کے سپاہی ہیں جو مشکل حالات کے باوجود جواں مردی سے وائرس کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہیں۔