نوابشاہ، احساس کفالت مراکز پر خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد

153

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) تعلقہ قاضی احمد میں احساس کفالت سینٹر پر خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے سماجی فاصلے کی اصطلاح بے معنی ہوکر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے کورونا وائرس کی وبا کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والی امدادی رقوم کے سلسلے میں قاضی احمد میں قائم ہونے والے احساس کفالت پروگرام میں خواتین کا رش بڑھ گیا اور رش کو کنڑول کرنے کے لیے عملہ بے بس دکھائی دیا۔ خواتین کی تعداد اس وجہ سے بڑھی کہ خواتین کو معلوم ہی نہیں ہے کہ وہ احساس کفالت پروگرام میں شامل ہیں بھی یا نہیں، ہر وہ خاتون جس کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہے احساس کفالت پروگرام سینٹر کا رخ کرتی نظر آتی ہیں۔ ایسی خواتین بھی دیکھنے میں آئی ہیں جو اگلے مرحلے کی امیدوار ہیں لیکن شناختی کارڈ اٹھائے سینٹر کا رخ کرتی نظر آتی ہیں۔ دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات دیکھنے میں نہیں آئے۔ لاک ڈائون کے دوران احساس پروگرام کی حالت دیکھ کر کورونا وائرس کی وبا بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ انتظامیہ اس جانب فوری توجہ دے کر بہترین انتظامات کو یقینی بنائے۔