ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن 19ویں دن بھی جاری رہا، جمعہ کے روز ساڑھے 3 گھنٹے کے لیے لاک ڈاؤن میں مزید سختی پر عمل کے لیے ٹھٹھہ کے داخلی اور خارجی راستے مکمل بند کرلیے گئے، پولیس اور رینجرز کے چاک و چوبند دستوں کا ایس ایس پی ٹھٹھہ کی سربراہی میں شہر کا گشت، لاؤڈ اسپیکر پر شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات، خلاف ورزی کرنیوالے سیکڑوں شہری گرفتار۔ لاک ڈاؤن کے دورانیے اور سختی کے باعث شہریوں نے دوسری نماز جمعہ گھروں میں ادا کیا، ٹھٹھہ، مکلی، گجو، گھارو، دھابیجی سمیت چھوٹے بڑے شہر میں سوائے ایمرجنسی کے تمام شہریوں کی آمد و رفت پر مکمل طور پابندی عائد کردی گئی۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام کو پیغام دیا کہ شہری کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے اپنے گھروں تک محدود رہیں دیگر صورت قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب مکلی ہائی اسکول میں وفاقی حکومت کی جانب سے احساس کفالت پروگرام کے تحت خواتین کو 12، 12 ہزار دینے کے لیے قائم سینٹر میں خواتین کی بھیڑ جمع ہوگئی، جبکہ سینٹر میں رکھی بائیو میٹرک مشینوں میں تیکنیکی خرابی کا جواز بنا کر سینٹر بند کردیا گیا۔ خواتین نے الزام لگایا کہ احساس کفالت عملے کو کمیشن نہ دینے پر سینٹر کو جھوٹا جواز بنا کر بند کیا ہے۔ دوسری جانب سول اسپتال مکلی سمیت ضلع بھر کے اسپتالوں میں کام کرنیوالے ڈاکٹرز پیرا میڈکس عملے نے میڈیا نمائندگان سے پولیس کی جانب سے بلاجواز تنگ کرنے کی شکایتیں موصول ہوئیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق مکلی بائی پاس پر قائم پولیس چوکی پر ڈیوٹی کے لیے جانے والے ڈاکٹر منصور کلوڑ کو پاس ہونے کے باوجود اہلکاروں نے روک دیا۔ گزشتہ روز ڈاکٹر جاوید بھٹی کو بھی روک دیا گیا، کچھ دن قبل ٹھٹھہ چوکی پر کورونا سینٹر مکلی کے انچارج ڈاکٹر شیام کمار کو بھی بلاجواز روک کر ٹائم ضائع کیا گیا، جبکہ لیڈی ڈاکٹر رومانا عباسی کو آٹو رکشے میں جانے سے روک دیا گیا۔ ڈاکٹروں کو تنگ کرنے کیخلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ٹھٹھہ کے رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹرز کورونا جنگ میں پہلی صف کے سپاہی ہیں، جن کو سندھ سرکار نے خدمات کے عوض ڈیوٹی پر آنے جانے کے لیے پاس بھی جاری کیے ہیں مگر ٹھٹھہ پولیس کے اہلکار پاس دیکھنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے آئی جی سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایس ایس پی ٹھٹھہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹروں کو سفری سہولیات کے حوالے سے واضح پیغام دے کر آگاہ کریں تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی ٹائم سے ادا کرسکیں۔