امریکا میں ایران کی مجوزہ معاونت پر گرماگرمی جاری

131

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں ری پبلکن پارٹی کے سینیٹر ٹیڈ کروز نے ڈیموکریٹک خاتون سینیٹر ڈیان وین شٹائن کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای امریکا مردہ باد کے نعروں کی قیادت کرتے ہیں۔ وہ امریکا کو تباہ کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور اسے سب سے بڑا شیطان کا نام دیتے ہیں جب کہ ہمارے سینیٹ کے ارکان چاہتے ہیں کہ انہیں (خامنہ ای کو) کروڑوں ڈالر بھیج دیے جائیں۔ اس سے قبل خاتون سینیٹر ڈیان وین شٹائن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ تہران کے لیے آئی ایم ایف کے قرضے میں رکاوٹ نہ ڈالے۔ ری پبلکن سینیٹر کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں ڈیموکریٹس ارکان امریکا میں چھوٹی کمپنیوں کی مالی معاونت سے متعلق ایک اہم قرارداد کے راستے میں رکاوٹ بھی ڈال رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈیموکریٹک خاتون سینیٹر ڈیان وین شٹائن نے اپنے ٹوئٹر بیان میں ایک سرکاری بیان منسلک کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وبائی وائرس نے ایران کو شدید طور پر متاثر کیا ہے۔ ساتھ ہی خطے میں وائرس کے زیادہ پھیلاؤ کا بھی امکان ہے۔ ایسے میں صدر ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ کورونا کو قابو کرنے کے لیے ایران کی جانب سے آئی ایم ایف سے ہنگامی قرضہ حاصل کرنے کی درخواست کی حمایت کریں۔