کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت کراچی میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت15اپریل تک ملتوی کردی گئی‘ عدالت نے شاہد خاقان و دیگر کی ایک دن کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے نیب حکام سے استفسار کیا کہ ریفرنس کی کاپیاں کہاں ہیں ؟ نیب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ہمارا اسٹاف دفتر نہیں پہنچ رہا جس وجہ سے کاپی نہیں کر سکے ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ہمارا اسٹاف تو پتا نہیں کہاں کہاں سے آرہا ہے‘ آپ کا اسٹاف کیوں نہیں آتا؟ آپ نے بغیر کاپی کے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کروا دیے۔ عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ آج اور ابھی ریفرنس کی کاپی جمع کرائیں‘ ملزمان کو ریفرنس کی کاپی نہیں دیںگے تو یہ ضمانت کس بنیاد پر لیںگے؟ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر نیب کو ریفرنس کی کاپی فراہم کرنے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی۔ نیب کا الزام ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے وزیر پیٹرولیم کی حیثیت سے ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کا تقرر غیر قانونی طور پر کیا۔ احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔