ٹرینوں پر آن لائن اور ای ٹکٹنگ کے ذریعے بکنگ ہوگی،شیخ رشید

238

لاہور (نمائندہ جسارت) وزارت ریلوے میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے چند اہم فیصلے کیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے انتظامیہ لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد ٹرین آپریشن کو شروع کرنے کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات کرے گی۔ جس کے مطابق ٹرینوں پر سفر کے لیے آن لائن اور ای ٹکٹنگ کے ذریعے بکنگ ہوگی اور ٹرین چلنے سے 24گھنٹے پہلے بکنگ بند کردی جائے گی۔ ملک کے چاروں صوبوں کوآپس میں ملانے کے لیے اپ اینڈ ڈائون کی لانگ روٹ کی تقریباً 24ٹرینیں چلائی جائیں گی اس میں کمی بیشی ہوسکتی ہے یہ تجویز ابھی زیر غور ہے جس میں مسافروں کی حفاظت کے لیے پاکستان ریلوے اسی ہفتے چالیس عدد سینیٹائزر، واک تھرو گیٹس چالیس مختلف اسٹیشنوں پرنصب کیے جائیںگے۔ اس سلسلے میں مسافروں کو مطلع کیا جاتاہے کہ ان کی فیملی ان کو اسٹیشن پر چھوڑنے نہیں آسکتی۔ریلوے اسٹیشن سے 200میٹر تک ایریا غیر ضروری افراد کے لیے بند کردیاجائیگا۔ چلنے والی ہرٹرین میں 60فیصد اکوپنیسی کے بعد بکنگ بند کردی جائے گی تاکہ سماجی فاصلے کے اصولوں پر عمل پیرا ہوسکیں۔ اس کے علاوہ ہر ٹرین کے ساتھ ایک آفیسر تعینات کیا جائے گا جو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہر مسافر ایک دوسرے سے سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں۔ تمام اسٹیشنوں پر سینیٹائزرمہیاکیے جائیں گے اورمسافر اسٹیشن پر داخل ہونے سے پہلے اور پلیٹ فارم چھوڑنے سے پہلے سینیٹائزڈ ہوں گے۔مسافروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں کم سے کم افراد کے ساتھ سفر کریں ۔