کپل دیو نے شعیب اختر کی تجویز مسترد کردی

366

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے کورونا فنڈنگ کے لیے پاک بھارت میچز کروانے کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔

شعیب اختر کی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کپل دیو نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ عوام کی زندگیوں کو داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچز کروانے کا مشورہ فی الحال مناسب نہیں، فنڈ ریزنگ اس وقت اہم نہیں بلکہ اہمیت اس بات کی ہے کہ اتھارٹیز اور دیگر ادارے اس وبا سے نٹمنے کے لیے مل کر کام کریں۔

کپل دیو نے بھارتی سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میں بہت سے سیاستدانوں کو دیکھ رہا ہوں جو ٹیلی ویژن پر آ کر الزام تراشی کررہے ہیں، مہلک وبا کے دوران سیاسی الزامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے موجودہ حالات میں کورونا فنڈنگ کیلئے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ سیریز کروانے کی تجویز پیش کی تھی۔

سابق اسٹار فاسٹ باٶلر کا اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی گئی ویڈیو میں کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے اس ماحول میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 یا ایک روزہ میچز کی سیریز ہو جس سے کورونا فنڈ جمع کیا جائے۔