کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہاہے کہ کوئی بھی صوبائی حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی،وفاق سے بار بار مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ سندھ کی مدد کرکے اپنی ذمے داری ادا کرے،سندھ حکومت سنگین صورت حال کے لیے تیار رہے،بدترین حالات میں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کے لیے سندھ حکومت کے پاس پورا پلان ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بذریعہ وڈیو لنک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیرصحت عذرا پیچوہو ، سیکرٹری صحت سندھ ،ڈاکٹر باری، ایم بی دھاریجو، ریحان بلوچ اور دیگر نے شرکت کی ۔چیئرمین پیپلزپارٹی کو سندھ حکومت کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سندھ حکومت کی ریسرچ ٹیم کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال کو سامنے رکھ کر مستقبل کے حوالے سے تحقیق کررہی ہے۔اس موقع پر بلاول زرداری نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت سنگین صورت حال کے لیے تیار رہے،بدترین حالات میں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کے لیے سندھ حکومت کے پاس پورا پلان ہونا چاہیے ،گنجائش اور صلاحیت میں اضافے کے حوالے سے تیاریوں میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی ریسرچ میں ملک بھر میں کورونا کی موجودہ صورت حال کا مستقبل کے حوالے سے جائزہ لے،سندھ حکومت اپنی ریسرچ اسٹڈی سے دیگر صوبائی حکومتوں کو بھی فائدہ دے۔بلاول زرداری نے کہا کہ کورونا وائرس سے مشتبہ افراد کا صوبے بھر میں ڈاکٹروں سے رابطے کے عمل کو بہتر بنایا جائے،کوئی بھی صوبائی حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی، وفاق کو مدد کرنا ہوگی، ہم سب کو مل کر کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔