اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں چین کے تجربات سے استفادہ کر رہا ہے، جبکہ پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، اس مشکل وقت میں چین پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کیلیے پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔ گزشتہ روز چینی سفیر نے وزارت خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین سے فراہم کردہ آلات، اس وباء سے نمٹنے کیلیے پاکستان کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آسٹریلیا کی وزیر خارجہ سینیٹر میریس پین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ بات چیت کے دوران کورونا عالمی وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کے سبب آسٹریلیا میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ آسٹریلوی حکومت کی جانب سے کورونا کی وجہ سے معاشی نقصانات کے ازالے اور اس وبا سے نمٹنے کیلیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔