یوکرین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے پیش نظر سیکڑوں قبریں کھود دی گئیں۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کے شہر ڈنپرو کی مقامی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سےمتوقع ہلاکتوں کے پیشِ نظر سیکڑوں قبریں کھودنے کا حکم دیا ہے۔
ڈنپرو میں اب تک کورونا وائرس کے 13 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے جبکہ شہر میں وائرس کی وجہ سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی تاہم اس کے باوجود بھی ڈنپرو کے میئر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہےکہ حکام مشکل حالات سے لڑنے کی تیاری کررہے ہیں اور اس ضمن میں ہم نے کورونا وائرس کی وجہ سے متوقع ہلاکتوں کے پیشِ نظر 600 نئی قبریں تیار کی ہیں۔
علاوہ ازیں ڈنپرو کے میئر نے یہ بھی کیا کہ 600 قبروں کے علاوہ ہم نے 1 ہزار پلاسٹک بیگز کا بھی انتظام کرلیا ہے جس میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی لاشیں رکھی جائیں گی ۔
ڈنپرو کے میئر کی جانب سے اس اعلان کے بعد عوام کا کہنا ہے کہ یہ خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں جبکہ متعدد لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے میئر لوگوں کو سماجی دوری اختیار کرنےکی اہمیت واضح کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ساڑھے 88 ہزار سے زائد افراد مہلک وبا کا شکار ہوچکے ہیں ۔