کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اپریل کے آخر تک ہمارے اسپتالوں پر بہت دباؤ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ کوئٹہ کےموقع پر تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ کورونا سے اکیلے کوئی نہیں لڑسکتا، پوری قوم کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، کورونا سے اکیلے نہ وفاقی حکومت لڑسکتی ہے اور نہ صوبائی حکومت، مختلف ممالک میں اب لاک ڈاؤن کو ختم کیا جارہا ہے تاہم صوبے بتائیں گے کہ لاک ڈاؤن مرحلہ وار کیسے ختم کریں گے۔
وزیراعظم نے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے حوالےسے کہا کہ 14 اپریل کے بعد صوبے خود فیصلہ کریں گے کہ لاک ڈاؤن میں کہاں نرمی کرنی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپریل کے آخر تک اسپتالوں پر بہت زیادہ دباؤ ہوگا، ہم اندازہ لگارہے ہیں کہ اپریل کے آخر تک کورونا کا بہت پریشر ہوگا، ہم امریکا، یورپ، چین اور دیگر ممالک میں کورونا کی صورتحال دیکھ رہے ہیں، چین نے کورونا وائرس کا مقابلہ کیا اس کے تجربے سے فائدہ اٹھا رہےہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت کورونا کا کوئی مریض انتہائی نگہداشت میں نہیں، بلوچستان میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنا آسان ہے جب کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بلوچستان زیادہ متاثر ہوسکتا ہے۔