لاڑکانہ ، لاک ڈائون کی خلاف ورزی، پولیس اور صرافہ تاجروںکے درمیان جھگڑا

149

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کی تحصیل رتودیرو میں لاک ڈائون کی مبینہ خلاف ورزی پولیس اور صرافہ تاجروں کے درمیان جھگڑا، پولیس کا تاجروں پر لاٹھی چارج مزاحمت پر 5 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوگئے 34 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، رتودیرو میں صرافہ تاجروں کی جانب سے مبینہ طور لاک ڈائون کی خلاف ورزی کی تو متعلقہ پولیس کی جانب سے روکنے پر تاجروں اور پولیس میں جھگڑا ہو گیا جس پر پولیس کی جانب سے تاجروں پر لاٹھی چارج کیا گیا جبکہ مزاحمت پر 5 پولیس اہلکار بھی معمولی زخمی ہو گئے تاہم پولیس کی جانب سے صرافہ یونین کے صدر سمیت 34 افراد پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں 14 تاجروں کو براہ راست نامزد کیا گیا ہے جبکہ 8 سے زائد تاجر گرفتار بھی کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی، کار سرکار میں مداخلت سمیت متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد ایس پی ہیڈ کوارٹر لاڑکانہ محمد کلیم ملک رتودیرو پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ڈی ایس پی رتودیرو کو انکوائری کر کے رپورٹ کرنے کی ہدایات دی ہیں۔دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری و مطلوب 3 ملزمان کو گرفتار کرکے مضر صحت گٹگے اور کرولا کار برآمد کرلی ہے۔ولید پولیس نے پولیس پوسٹ میروخان روڈ سے دو ملزمان امیر بخش رند اور انور مری کومضر صحت گٹکوں اور کرولا کار سمیت جبکہ دہامراہ پولیس نے اشتہاری ملزم نیاز پٹھان کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔