جہانگیر ترین کو اربوں روپے کی سبسڈی کا حساب دینا ہوگا، شیخ رشید

405

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کو اربوں روپے کی سبسڈی کا حساب دینا ہوگا۔ آٹا چینی کی رپورٹ اور فرانزک کو ایک ساتھ آنا چاہیے تھا،14 اپریل کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے امکانات کم ہیں۔ لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی 20 سے 22 ٹرینیں فی الفور چلائی جائیں گی۔بدھ کو ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ 25اپریل تک کورونا اور آٹا چینی بحران پر حکومتی رپورٹ کا فیصلہ ہوجائے گا۔ جہانگیر ترین تحریک انصاف کی اہم شخصیت ہیں، ان کا انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی معاملات میں بڑا عمل دخل ہے۔ میرا خیال ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان فاصلے نہیں بڑھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کپتان ہیں۔صرف فیلڈنگ بدلی ہے۔ جہانگیر ترین کو مشورہ ہے کہ وہ پی ٹی آئی سے وابستہ رہیں، انہوں نے اربوں روپے سبسڈی لی جن کا انہیں حساب دینا ہوگا۔ آٹا چینی کی رپورٹ اور فرانزک کو ایک ساتھ آنا چاہیے تھا۔ ۔وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ قلی کے سماجی تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، قلی 8171 پر میسج کر کے 12 ہزار روپے حاصل کرسکیں گے، ریلوے ملازمین کو تنخواہیں وقت پر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پر عدم اعتماد دیوانے کا خواب ہے، چینی ایکسپورٹ ہوئی ہے یا نہیں، اصل حقائق 25 اپریل کو فرانزک رپورٹ میں منظرعام پر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ مغلپورہ ورکشاپ سے کورونا کا کیس سامنے آیا ہے، ورکشاپ لاہور میں 10 ہزار مزدور کام کرتے ہیں جسے 12 اپریل تک بند کر دیا ہے، کورونا وائرس سے بچاؤ کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، 50 سال سے زاید عمر کے مزدور درخواست دے کر چھٹی پر جاسکتے ہیں۔