ترک صدر کا شہریوں کو مفت فیس ماسک دینے کا اعلان

453

ترک صدر رجب طیب اردوان نے شہریوں کو مہلک وبا سے بچانے کے لیے فیس ماسک مفت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ترک میڈیا کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے ملک بھر میں فیس ماسک کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے شہریوں کو ماسک حکومت کی جانب سے مفت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ترک صدر نے کہا کہ شہریوں کو فیس ماسک ان کی دہلیز پر پہنچائے جائیں گے جب کہ سپر اسٹورز پر بھی مفت فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس فیس ماسک کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور جب تک وبا پر قابو نہیں پا لیا جاتا، شہریوں کو بلاتعطل مفت فیس ماسک دیے جائیں گے۔

طیب اردوان نے استنبول میں کورونا مریضوں کے لیے دو نئے اسپتال بنانے کا اعلان بھی کیا، ایک اسپتال یورپی اور دوسرا ایشیائی سائیڈ پر بنایا جائے گا۔

دونوں اسپتال ایک ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہوں گے جہاں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ترکی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ وبا سے اموات کی تعداد 725 ہوگئی ہے۔