رواں ماہ سے کورونا کے یومیہ 25 ہزار ٹیسٹ کیے جائیں گے ، اسد عمر

88

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت ) حکومت پاکستان نے کورونا وائرس ٹیسٹ کی صلاحیت ہزاروں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اپریل کے آخر تک کورونا وائرس کے روزانہ 25 ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے ٹیسٹنگ بنیادی اہمیت رکھتی ہے اس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں کچھ قرنطینہ سینٹرکے نتائج ہمارے ڈیٹا بیس سسٹم میں شامل کیے گئے۔جس کے ساتھ ملک میں 3 ہزار 434 مصدقہ کیسز ہیں۔ بڑی تعداد ریکوری کی اسٹیٹ میں ہے۔ ملک میں429 افراد مکمل طور پرصحت یاب ہوچکے ہیں۔پچھلے 24 گھنٹوں میں577 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی شرح 1.4ہے۔ کورونا وائرس سے پاکستان میں اب تک 54 افراد
انتقال کرچکے ہیں۔ جبکہ کورونا کے تشویشناک 28 مریض ابھی آئی سی یو میں وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کورونا کی کٹس لاکھوں میں دستیاب ہوں گی۔ جبکہ مستقبل میں لیبارٹریز کی تعداد 32 اور پھر40 تک لے جائیں گے۔ملک میں اس وقت 18 لیبارٹریز ہیں جو کورونا وائرس کے پی سی آرٹیسٹ کرسکتی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ 39 ہزار500 حفاظتی کٹس صوبوں کو فراہم کی جاچکی ہیں۔ اس میں آزاد کشمیراور بلوچستان کے 4 ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس پہنچائیں گے۔ اسلام آباد کے7، خیبرپختونخوا کے 21 ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس پہنچائیں گے۔ پنجاب کے75 اورسندھ کے 42 ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس پہنچائیں گے۔ اپریل کے آخر میں 25 ہزار یومیہ ٹیسٹ کی کوشش کریں گے۔ جن ہسپتالوں میں 4 وینٹی لیٹرزہیں، ان کو ترجیحی بنیادوں پروینٹی لیٹر فراہم کریں گے۔ کفالت پروگرام کے ذریعے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کی مالی معاونت کریں گے۔ کفالت پروگرام کے تحت جمعرات سے چیک تقسیم ہونا شروع ہو جائیں گے۔