کورونا وبامیں گندم کی کٹائی سب سے بڑا چیلنج ہے، شہباز شریف

127

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرو قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسان اور کاشتکار سے ظلم اور زیادتی نہیں ہونی چاہے، ہم اسے برداشت نہیں کریں گے ،ہمارے دور میں تاریخی کسان پیکج دیاگیا، اس وقت سب سے بڑا چیلنج گندم کی کٹائی اور کھیت سے گودام تک پہچانا ہے ، گندم کی خریداری، امدادی قیمت، کھیت سے گودام تک کا سفرکیسے طے ہوگا، اس پر فوری تیاری کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زراعت کے شعبے سے متعلق پارٹی رہنمائوں اور ماہرین کے وڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ کورونا وبا نے دنیا کے ساتھ پاکستان میں تباہی مچا رکھی ہے ،تمام طبقات انفرادی اوراجتماعی طورپر اس کے خلاف کوششیں کررہے ہیں،خدمت انسانیت کا اس سے بہتر موقع نہیں ہوسکتا۔ زراعت کے حوالے سے تجاویز مرتب کرنی ہیں تاکہ آنے والے دنوں میں کسانوں کی مدد ہوسکے ،گندم کی کٹائی، کھیت سے گودام تک ترسیل ، حکومتی خریداری کے حوالے سے سفارشات تیار کریں،کسانوں اور کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری کے وقت لوگوں کا ہجوم نہ لگے، ان کی محنت بھی ضائع نہ ہو اس کی فوری حکمت عملی بنانی ہوگی۔