اسلام آباد (اے پی پی) کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزارت صحت، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اورسیز ڈویژن، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، پی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے موصول ہونیوالی تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی ہے۔ وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ائرپورٹس پر کورونا پازیٹو کیسز کے لیے کوارنٹائین سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں جس وجہ سے بھی پاکستانیوں کو واپس لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سامنے آنے والی تجاویز کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔