کراچی (نمائندہ جسارت)کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف پائلٹوں کے احتجاج کے سبب پیر کو اسلام آباد سے گلگت ، گلگت سے اسلام آباد، اسلام آباد سے اسکردو اور اسکردو سے اسلام آباد کی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ پائلٹوں کی ایسوسی ایشن پالپا کے صدر چودھری سلمان نے ایوی ایشن ڈویژن کے وزیر غلام سرور اعوان کو مکتوب تحریر کیا ہے جس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس سلسلے میں اب تک کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے ۔ پالپا کے صدر نے عملے کی حفاظت سے متعلق اپنے سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایوی ایشن صنعت کے معیارات کے مطابق عملے کے حفاظتی اقدامات کے سنگین مسئلے کو حل کرنے تک پائلٹ پروازیں آپریٹ نہیں کریں گے ۔