نیب نے شہباز شریف کو جائداد کے ریکارڈ سمیت طلب کرلیا

91

 

لاہور(خبر ایجنسیاں)نیب نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں 17 اپریل کو طلبی کے موقع پر وارثت میں ملنے والی جائداد سمیت متعدد دیگر تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔نیب نے شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں 17 اپریل کو طلب کر رکھا ہے اس سلسلے میں انہیں مختلف ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیب کے نوٹس کے مطابق شہباز شریف کو وارثت میں ملنے والی جائداد ،بیرون ملک بینک اکائونٹس کی تفصیلات اور 2005 سے 2007کے دوران بارکلے بینک سے لیے گئے قرض کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔نوٹس کے مطابق شہباز شریف سے ان کی اہلیہ نصرت
شہباز کو قصور میں تحفے میں دیے گئے گھر کی تفصیلات، فیملی کو دیے گئے اور ملنے والے تمام تحائف کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ شہباز شریف سے پوچھا گیا ہے کہ نثار احمد گل اور علی احمد سے کیا تعلق ہے۔شہباز شریف کو ہدایت کی گئی ہے کہ 2008 سے 2019 کے دوران زرعی آمدنی کی تفصیلات فراہم کی جائیں، ایف بی آر کے ریکارڈ کے مطابق اپنے تمام کاروبار کی تفصیلات فراہم کی جائیں، ماڈل ٹائون 96ایچ کتنے سال تک وزیر اعلی کیمپ ہاؤس رہا، اہل خانہ کے اکاؤنٹس میں ہونے والی بھاری ٹرانزیکشز کے ذرائع بتائیں۔ نیب کے مطابق 1998 سے 2018کے دوران فیملی کے اثاثے تیزی سے کیسے بڑھے اور پبلک آفس ہولڈر ہونے کی حیثیت سے ان اثاثوں میں اضافے کی وضاحت دیں۔