کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے کورونا وائرس امدادی پیکج سے متعلق درخواست پر بلاول زرداری اور چیف سیکرٹری کو نوٹس جاری کردیے۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو کورونا وائرس امدادی پیکج سے متعلق سماعت ہوئی۔ درخواست گزار احسان
بھٹو ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ جس پیکج کااعلان کیا گیاہے وہ ناکافی ہے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ بلاول زرداری پیپلزپارٹی کے چیئرمین ہیں، انہیں پیکج کی رقم میں اضافے کا حکم دیا جائے۔ پیکج 60 ہزار روپے مقرر اور ہر خاندان کو باعزت طریقے سے پہنچائے جائیں۔ یہ پیکج پورے پاکستان میں لوگوں کو دیا جائے۔ عدالت نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور چیف سیکرٹری سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے10 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔