شیخ رشید کا 15 اپریل سے ٹرینیں چلانے کا اعلان

278

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت مسافروں کی سہولت کے لیے 15 اپریل سے چند ٹرینیں چلائے گی تاکہ انہیں اپنے گھروں میں پہنچنے میں سہولت حاصل ہو۔ پیر کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت ریلویز نے ابتدائی طور پر 5 ہزار ماسک کی تیاری کا ہدف رکھا اور امید ہے کہ آج (منگل) کو یہ ماسک اور سینی ٹائزرز ریلوے کی مختلف برانچوں سے تعلق رکھنے والے عملہ میں تقسیم کردیے جائیں گے ۔ ریلوے اسٹیشنوں کے مختلف دفاتر کے باہر بھی
احتیاطی انتظامات کے حوالے سے ہدایات آویزاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظرہم نے مزید 12 تا 14 وینٹی لیٹرز خریدنے کا حکم دیا ہے جو سرکاری ملازمین کے لیے ملک بھر کے تمام ریلوے اسپتالوں اور آئسولیشن سینٹرز میں دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے کے قُلیوں کی مالی مدد کے لیے ہم ان کا مکمل ڈیٹا احساس پروگرام کو فراہم کررہے ہیں اور توقع ہے کہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر یہ سہولت ملے گی کیونکہ وہ ضرورت کی اس گھڑی میں حقیقی مستحق افراد ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو ہر ہفتہ ایک ارب روپے کا خسارہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کے لیے ٹرین کوچز کو آئسولیشن وارڈز میں منتقل کیا ہے اور ریلویز ان مریضوں کے علاج کے لیے صاف ستھرا اور ما حول فراہم کرے گی ۔